ملیر :جائیداد کے لالچ میں پھوپھی کا قتل ، بھتیجا گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس ضلع ملیر کی جانب سے جائیداد کے تنازع پر پھوپھو کو قتل کرنے والے بھتیجے کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی پھوپھو شمیم اختر کو نشہ آور گولیاں دے کر قتل کیا اور لاش گھر کے کمرے میں دفن کر کے اوپر فرش ڈال دیا۔واضح رہے کہ 26 اپریل 2025 کو مقتولہ کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ سکھن میں درج کیا گیا تھا جو اس کے بھانجے مبارک احمد نے درج کرایا تھا۔ بھانجے کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں احمد رضا ولد گل محمد، رضوان ولد گل محمد اور ایک نامعلوم شخص کو نامزد کیا گیا تھا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ضلع ملیر حسیب جاوید سومار میمن کی ہدایت پر قائم کردہ خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس بنیاد پر مرکزی ملزم احمد رضا کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران ملزم احمد رضا نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی اویس کے ساتھ مل کر واردات کی۔ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے جائیداد ہتھیانے کے لیے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی اور چند ماہ بعد ملکیت اپنے نام کرانے کا ارادہ بھی رکھتا تھا۔ اس کی نشاندہی پر مقتولہ کا اصل شناختی کارڈ برآمد ہوا۔ 8 مئی کو مجاز مجسٹریٹ اور میڈیکل ٹیم کی موجودگی میں لاش برآمد کر کے قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔ پولیس کے مطابق شریک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔