افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ،میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے بھارتی جارحیت اور جنگ مسلط کرنے کا افواجِ پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
جس پر پوری قوم افواج پاکستان کی کارکردگی کو سلام تحسین پیش کرتی ہے افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور دنیا کو بتا دیا ہے کہ ہمارے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے کوئی جارحیت مسلط کرتا ہے تو پاکستانی افواج اور قوم اسے سبق سکھانا اچھی طرح جانتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کی جرات کو دنیا بھر نے سراہا ہے ۔ مودی خطے کا امن تہہ بالا کرنے کے درپے تھا لیکن افواج پاکستان نے بہادری اور جواں مردی کے ساتھ بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کی اب بھی خبریں آرہی ہیں بھارت کو عالمی قوانین کے تحت سیز فائر کا احترام کرنا چاہیے ۔ بھارت کو اشتعال انگیزی سے باز آنا ہوگا ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن اور پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے جموں و کشمیر سے متعلق بیان خوش آئند ہے کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے پاکستانی قوم متحد ہے وہ اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور رہیگی۔ ہمیں پاکستانی افواج پر فخر ہے ۔