کے بی ٹی آر میں ترمیم کے خلاف درخواست پر حکام کو نوٹس جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کے بی ٹی آر میں ترمیم کے خلاف درخواست پر حکام کو نوٹس جاری کردیئے ۔
سندھ ہائی کورٹ میں کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشن میں حالیہ ترمیم کے خلاف ایک اور آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے جس پر عدالت نے سیکریٹری بلدیات، ڈی جی ایس بی سی اے ، ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 مئی تک جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ طارق منصور کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کے بی ٹی آر میں کی گئی ترمیم سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کے منافی ہے اور اس کے ذریعے ایس بی سی اے ، ماسٹر پلان اور دیگر قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ ترمیمی قواعد سے شہر کی منصوبہ بندی اور تعمیراتی نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر اپنا تحریری جواب جمع کروائیں۔