گلشن حدید میں 29ویں امراض قلب یونٹ کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ترقی کی اصل جنگ عوامی زندگی میں بہتری ہے ،پیپلزپارٹی کا منشور ہے ۔۔
کہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات مہیا کی جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن حدید میں ایس آئی سی وی ڈی کے 29 ویں چیسٹ پین یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے ساجد جوکھیو، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گلشن حدید کے اس یونٹ کی بدولت دل کے مریضوں کی جان بچانا آسان ہوگا،ایس آئی سی وی ڈی نے طبی سہولت کو گھر کے قریب پہنچایا،گلشن حدید جیسے دور دراز علاقوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا افواج پاکستان نے بہادری کے ساتھ جواب دیا، جنگ کا میدان ہو یا سفارتی میدان، پوری پاکستانی قوم اس کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے ، ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور کسی دباؤ میں نہیں آتے ، پوری پاکستانی قوم اسی طرح سے متحد ہو کر دشمن کو جواب دے گی، ترقیاتی جنگ اور صحت کے شعبے کی جنگ کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عبدالسلام سومرو پارک کی اسکیم بجٹ میں شامل کردی گئی، 50 بیڈ کا اسپتال اور آٹھ لین پل جلد مکمل کریں گے ، اسٹاک ایکسچینج پارکنگ روڈ صوبائی حکومت بنارہی ہے ، اسٹیل مل کے مسائل حل ہوں تو پانی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا ۔