ٹرانسپورٹر کو فائرنگ کرکے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن اقبال میں مسجد کے باہر ٹرانسپورٹر کو فائرنگ کرکے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔۔
فائرنگ کے واقعے کو تین روزگزر گئے لیکن اب تک واقعے کا مقدمہ درج نہ کیا جا سکا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو عزیز بھٹی تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں جامعہ مسجد غزالی کے باہر گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ٹرانسپورٹر 45 سالہ محمد اکرم کو قتل کیا تھا۔ارم گارڈن کے رہائشی مقتول محمد اکرم جامعہ مسجد غزالی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکلے تھے کہ مسجد کے باہر موٹر سائیکل پر گھات لگائے 3 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی تھی۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں ہیلمٹ پہنے ایک ملزم کو موٹر سائیکل سے اتر کر مقتول محمد اکرم پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے ، فائرنگ ہوتے ہی مسجد سے نکلنے والے نمازیوں میں بھگڈر مچتے اور انہیں جان بچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ملزم فائرنگ کرنے کے بعد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو جاتا ہے جبکہ نمازیوں کی جانب سے مسلح ملزمان پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔