بھاری گاڑیوں کی ٹکر،ٹریفک حادثات میں 4افراد جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد کے علاقے سمن آباد فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر سہراب گوٹھ سے شفیق موڑ جاتے ہوئے کچرا اٹھانے والے ٹرک کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار نوعمر لڑکا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔۔
ایس ایچ او سمن آباد کامران حیدر نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹرک کو مشتعل افراد کے ہاتھوں نذر آتش ہونے سے بچا کر تھانے منتقل کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق نوعمر لڑکے کی شناخت 12 سالہ جمعہ ولد اسماعیل جبکہ زخمی کو 15 سالہ راجا ولد یاسین کے نام سے شناخت کیا گیا۔حادثے کے بعد سہراب گوٹھ سے شفیق موڑ تک جانے والی سڑک پر عوام کی بڑی تعداد جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی، تاہم ٹریفک پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا کر پر ٹریفک کی روانی بحال کرا دی۔ادھرلیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔اسی طرح سائٹ سپر ہائی وے کے الیکٹرک دفتر کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے بائیک سوارشخص جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق شخص کی شناخت محمد امان ولد حشمت علی کے نام سے ہوئی۔علاوہ ازیں کورنگی کراسنگ کے قریب ٹریفک حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر شخص جاں بحق ہوگیا۔