سرکاری اسکول میں مفت کھانا پروگرام کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے پسماندہ علاقوں کے سرکاری اسکول میں مفت کھانا فراہم کرنے کا آغاز کردیا گیا، وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے ’’اللہ والے ٹرسٹ‘‘ کے تعاون سے اسکولوں میں مفت ’’اسکول کھانا پروگرام‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے ۔۔
کہ اس پروگرام کے ذریعے بچوں غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور اسکول سے باہر بچوں کو اسکول واپس لانے میں مدد ملے گی۔ کراچی کے ضلع ملیر کے مراد میمن گوٹھ کے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول سے شروع ہونے والے پروگرام کے موقع پر اللہ والے ٹرسٹ کے چیئرپرسن شاہد لون، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر فوزیہ خان، ڈائریکٹر اسکولز کراچی مرزا ارشد بیگ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ غذائی کمی کی وجہ سے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے ، اس وقت پسماندہ علاقوں کے بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں جبکہ متوازن خوراک بچوں کی جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے ،ہم ایک ایسا سفر شروع کرنے جا رہے ہیں جس کی مدد سے ہم بچوں کی غذائی ضرورت کو پورا کرتے ہوئے ان کو بیماریوں کے ساتھ لڑنے کے قابل بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بچوں کو اسکول میں کھانا ملتا ہے تو ان کی اسکول میں حاضری بہتر ہوتی ہے ، اور وہ تعلیم میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں، غریب خاندانوں کے لیے یہ ایک مددگار پروگرام ہے ، کیونکہ ایک وقت کا کھانا اسکول میں ملنے سے گھر کے اخراجات کو سنبھالنے میں بھی مدد ملے گی، اسکول کھانا پروگرام کی مدد سے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ کے قریب پسماندہ علاقوں کے اسکول کے بچوں کو ضرورت کے تحت کھانا فراہم کی کوشش کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اللہ والے ٹرسٹ جیسے ادارے ہمارے اپنے ملک کے ادارے ہیں جو آگے بڑھ کے بہتر کام کر رہے ہیں ہمیں اس طرح اونرشپ کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر اللہ والے ٹرسٹ کے سربراہ شاہد لون نے پروگرام کی ضرورت اور اس کی اہمیت کے حوالے سے آگہی دیتے ہوئے بتایا کہ آج اس پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے ، جس کے تحت گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول مراد میمن کے 700 بچوں کو روز ایک وقت کا مفت دیا جائے گا، جسے دیگر اسکولوں تک مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سینٹرلائز کچن قائم کیے جائیں گے ، جہاں سے ٹمپریچر کو مینٹین کرتے ہوئے گرم کھانا اسکولوں تک پہنچایا جائے گا، اس کے علاوہ بچوں کھانا کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد ہاتھ دھونے کی سہولت بھی دی جائے گی۔