مودی نے سیکولر اسٹیٹ کو مذہبی جنونی ریاست بنا دیا ،خالدمقبول

مودی نے سیکولر اسٹیٹ کو مذہبی جنونی ریاست بنا دیا ،خالدمقبول

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحیت کا آدھے گھنٹے میں جواب دیا گیا۔ بھارت نے مسجدوں، بستیوں اور کھیتوں پر حملہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام ’’بھارتی جارحیت اور پاکستانی سالمیت‘‘ کے عنوان سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ بھارت کا خطے کی ٹھیکیداری کا منصوبہ زمیں بوس ہو گیا ہے۔ 77 سالوں میں 25 کروڑ پاکستانیوں نے کبھی مذہبی جنونی کو اپنے لیے منتخب نہیں کیا،جنونی لوگوں کے لئے پاکستان میں کوئی گنجائش رہنے نہیں دی گئی۔مودی نے سیکولر اسٹیٹ کو مذہبی جنونی ریاست بنا دیا ہے ،ہم اسلحے سے نہیں حوصلوں سے لڑتے ہیں ،کمال جہازوں کا نہیں جذبہ ایمانی سے بیٹھے پائلٹوں کا تھا ۔امریکا کو کہنا پڑا کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بیٹھنا ہوگا۔۔ اگر جنگ ہوئی تو ہندوستان کا نقشہ بدل سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان مذہبی، لسانی اور علاقائی اقلیت کا ہے ،یہ پاکستان ہم سب کا ہے ،آزادی کی تکمیل اس وقت مکمل ہوگی جب ہر فرد ایک ایک بچہ برابر کا وفادار حقدار ہوگا،ہماری اقلیت کو پاکستان سے بد ظن کرنے کی سازش ہوئی ہے ،جہاں جہاں سازش کی کوشش ہوگی وہاں دس مئی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسجدوں اور مندروں میں جنگ کے وقت پاکستان کے لیے دعائیں ہو رہی تھیں ،افواج پاکستان اور اسکے سربراہان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں