جامعہ سندھ کے وائس چانسلر کیلئے تین امیدواروں کے نام فائنل

کراچی(این این آئی)سندھ کی دوسری بڑی یونیورسٹی جامعہ سندھ(یونیورسٹی آف سندھ)کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا گیا ہے ۔
ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری پہلے ، موجودہ قائم مقام وائس چانسلر خلیل الرحمان کمباٹی دوسرے اور انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے ریکٹر طارق رحیم سومرو تیسرے نمبر پر ہیں۔یہ تین نام کلیئرنس کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھیجے جائیں گے جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ ان تینوں امیدواروں کے انٹرویو کر کے کسی ایک نام کی منظوری دیں گے ۔ جامعہ سندھ کے وائس چانسلر کے عہدے کیلیے انٹرویوز تین روز تک چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں جاری رہے ، جس میں تقریبا 60 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا جب کہ وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 70 سے زائد امیدواروں نے درخواست دی تھی۔