بجلی و پانی کی عدم فراہمی پر عوام سراپا احتجاج، مظاہرے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں شدید گرمی، پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیاجس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت پر شہری سڑکوں پر نکل آئے ۔ منگھوپیر، نیو ناظم آباد، سچل مدراس چوک اور بنارس چوک قصبہ کے مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کے باعث نارتھ ناظم آباد، منگھو پیر روڈ، سائٹ ایریا اور سچل میں بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔مظاہرین کے مطابق کئی کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے جب کہ پانی کی فراہمی بھی بند ہے جس کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ احتجاج میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شریک ہوئے اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔شہریوں کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں نہ بجلی ہے نہ پانی اور کوئی پرسان حال نہیں۔ کئی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جب کہ واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کی فراہمی بھی معطل ہے ۔احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ٹریفک پولیس کو ٹریفک بحال کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مزید اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔