تاجر بروقت ودہولڈنگ اسٹیٹمنٹ جمع نہیں کراتے ،آفتاب عالم
کراچی(بزنس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے مابین ایک اہم اجلاس آباد ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں چیف کمشنر ایم ٹی او ایف بی آر آفتاب عالم نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر چیف کمشنر ایف بی آر آفتاب عالم نے اعتراف کیا کہ بزنس کمیونٹی کو مناسب اور جائز سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں، تاہم انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ تاجر برادری اکثر بروقت ودہولڈنگ اسٹیٹمنٹ جمع نہیں کراتی جس کی وجہ سے جرمانے عائد کیے جاتے ہیں اور مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور آباد کے درمیان تعلقات پائیدار ہیں اور دونوں ادارے مل کر کاروباری فضا کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب صرف 9 فیصد ہے جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے ،ایف بی آر کی کوشش ہے کہ اس تناسب کو مرحلہ وار بڑھا کر 17 فیصد تک لایا ۔ چیف کمشنر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کسٹمز کے 80 اور ان لینڈ ریونیو سروس کے تقریباً 30 سینئر افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ چیئرمین آباد حسن بخشی نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی جنگ سے گزر رہا ہے ،تاہم اس کے باوجود ملک میں کیپٹل انوسٹمنٹ کے شاندار مواقع موجود ہیں جنہیں مؤثر پالیسی کے ذریعے بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔چیئرمین آباد نے زور دیا کہ ایف بی آر آباد کیلئے ایک فوکل پرسن نامزد کرے تاکہ اداروں کے مابین بہتر روابط قائم ہوں اور کاروباری برادری کے مسائل فوری حل ہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی حالیہ جارحانہ ٹیکس پالیسیوں نے سرمایہ کاروں کو بددل کیا ہے ۔