عیدالاضحیٰ پر بروقت آلائشیں اٹھانے کی ہدایت

 عیدالاضحیٰ پر بروقت آلائشیں اٹھانے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی زیر صدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میں اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے میئرنے ہدایت کی عیدالاضحی پر آلائش و صفائی ستھرائی آپریشن کے دوران بروقت آلائشیں اٹھانے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کے لئے مربوط لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔

 عیدسے پہلے اور عید کے دوران کلیکشن پوائنٹس پر چونے کے چھڑکاؤ اور اسپرے یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن، تمام متعلقہ افسران اور نجی کنٹریٹرز موجود تھے ۔میئر نے کہا کہ عیدالاضحی کے دوران آلائشوں کو اٹھانے لگانے کے لیے آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش موجود نہیں آلائشوں کوعلاقوں سے اٹھانے اور لینڈ فل سائٹ منتقل کرنے کے دوران سوزوکیوں اور ٹرک کو آلائشوں سے اوورلوڈ نہ کیا جائے اور ترپال سے ڈھانپا جائے ۔ بالخصوص آلائشوں کو لینڈ فل سائٹ منتقل کرنے کے دوران گاڑیوں سے آلائشیں روڈ پر گرنے کی شکایات نہیں ملنی چاہئے۔ اگر عوام کی جانب سے شکایات ملیں گی تو جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی درخواست پر انہوں نے کہا کہ مددکے لئے ضرورت کے مطابق سٹی وارڈنز فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی دھلائی اور روڈ سے مٹی صاف کرنے کا کام بھی انجام دئیے جائیں۔ شہریوں کو اس مقدس فریضے کے دوران صحتمندماحول فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ۔اسی مہینے 1128 شکایتی مرکز چوبیس گھنٹے فعال کردیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں