اسٹیل ملز کے ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سندھ ہائیکورٹ برہم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کا اسٹیل ملز کے ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار، وفاقی سیکریٹری کو آئندہ سماعت پر عدالت طلب کرلیا۔
عدالت نے اسٹیل ملز انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست گزار ملازمین کے واجبات کا تعین کرے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کرے ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اس رپورٹ کو وزارت صنعت و پیداوار کے ساتھ ساتھ وزارت خزانہ کو بھی ارسال کیا جائے اور عدالت میں بھی جمع کرائی جائے ۔ جسٹس یوسف علی سعید کی سربراہی میں بینچ نے پاکستان اسٹیل، وزارت صنعت و پیداوار اور وزارت خزانہ سے فنڈز کی فراہمی کی تفصیلی رپورٹس بھی طلب کی ہیں۔ ملازمین کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے اسٹیل ملز کو فنڈز جاری کیے جاتے ہیں لیکن انتظامیہ ان فنڈز کو کہیں اور استعمال کرتی ہے ۔ حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد درخواست گزار ملازمین کو کئی سالوں سے ان کے گریجویٹی، پراویڈنٹ فنڈز سمیت دیگر واجبات ادا نہیں کیے جا رہے ۔