کے ڈی اے سے متبادل کمرشل پلاٹس کے کیسز کی رپورٹ طلب

کے ڈی اے  سے  متبادل  کمرشل  پلاٹس  کے کیسز کی رپورٹ  طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے ڈی اے گلستان جوہر میں متبادل کمرشل پلاٹس کے تمام کیسز کی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرے وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے ) سعید غنی نے کہا ہے۔۔

 کہ کے ڈی اے میں جن جن لوگوں کو متبادل پلاٹس کے لئے درخواستیں جمع ہیں اس کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے آئندہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں لایا جائے تاکہ ان تمام کیسز کا فیصلہ کیا جاسکے ۔ کے ڈی اے کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور پنشن کی ادائیگی کے لئے گرانٹ کی منظوری کے لئے فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جو تحفظات بتائے گئے ہیں اس کو دور کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کے 1198 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبران گورننگ باڈی ایم پی اے علی احمد جان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ ڈاکٹر وسیم شمشاد، ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر میمن و دیگر بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں گزشتہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں رولز اینڈ ریگولیش میں تبدیلیوں اور گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کے ڈی اے ایمپلائیز یونین سی بی اے کی جانب سے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر صوبائی وزیر نے استفسار کیا کہ کس قانون یا رولز کے تحت گورننگ باڈی کو یہ اختیار ہے کہ وہ چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کرے یا سیکرٹری کے ڈی اے نے کس نوٹیفکیشن یا گورننگ باڈی کی منظوری سے مذاکرات کرکے ان چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لئے گورننگ باڈی میں ایجنڈہ رکھا ہے ، جس پر ڈی جی اور سیکرٹری کی جانب سے کسی قسم کا ورکنگ پیپرز منسلک نہ ہونے پر صوبائی وزیر نے برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کے ڈی اے کی تمام خدمات پر چارجز میں 10 سے 25 فیصد سالانہ اضافہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبائی وزیر نے اضافہ کو صرف 10 فیصد تک ہی محدود رکھنے اور اس میں آباد سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہونے والے اجلاس کی روشنی میں تمام خدمات پر 10 فیصد سالانہ اضافہ کی منظوری دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں