حج کے مبارک ایام میں غزہ کو نہ بھولیں،شجاع الدین شیخ
حیدر آباد (نمائندہ دنیا )تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ذوالحجۃ کے پہلے عشرہ کی مبارک ساعتوں میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج مکہ اور مدینہ میں عبادات میں مصروف ہیں اور لَبَّیْکَ اللَّہُمَّ لَبَّیْکَ کی صدائیں اللہ وحدہ لا شریک کی کبریائی کا اعلان کر رہی ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر اپیل کی کہ حجاج کرام اور دنیا بھر کے مسلمان غزہ کے مظلوم عوام کو اپنی خصوصی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔شجاع الدین شیخ نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران حج جیسے مقدس موقع پر مکہ مکرمہ میں ایک خصوصی کانفرنس بلائیں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ اور عملی لائحہ عمل کا اعلان کریں تاکہ فلسطینی مسلمانوں پر جاری مظالم کو روکا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے امریکہ کی مکمل پشت پناہی سے گزشتہ 19 ماہ سے غزہ میں بمباری کر کے 60 ہزار سے زائد افراد کو شہید کر دیا ہے ، جن میں بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے ، اور اب امدادی سامان کو روک کر قحط کی صورتحال پیدا کر رہا ہے تاکہ غزہ کی نسل کشی کی جا سکے ۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فلسطینیوں کے حق میں پُرامن احتجاج پر اسلام آباد پولیس کے دھاوے اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی اہلیہ و بیٹی سمیت خواتین کو گرفتار کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کیا اب غزہ کے حق میں آواز اٹھانا بھی جرم بن چکا ہے؟