پولیو مہم ،انکاری خاندانوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت
کراچی(اے پی پی)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اپنے دورے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز کمشنر کراچی نے منگھو پیر، پہاڑ گنج، پختون آباد ، سلطان آباد اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔کمشنر کراچی نے منگھو پیر میں آر ایچ سی کے دورے میں مکمل معلومات حاصل کیں ۔کمشنر کر اچی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ انکاری خاندانوں سے گفت و شنید کر یں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔انہوں نے ٹاؤن چیئرمین علی نواز بروہی سے اظہار تشکر کیا ۔علاوہ ازیں کمشنر کراچی کی زیر صدارت قربانی کی آلائشوں کے متعلق اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ایم ڈی طارق علی نظامانی، اے سی رابعہ سید احمد ،کراچی کے ایڈیشنل کمشنر سید غلام مہدی شاہ اور تمام ڈ پٹی کمشنرز نے شرکت کی۔جاری اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی کو طارق علی نظامانی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ آپ کی ہدایت کے مطابق تمام کام مکمل کرلئے گئے ہیں اور انشااﷲعید الاضحی کے دوران پورے کراچی میں ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے تعاون سے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائینگی۔کمشنر کراچی نے ہر ادارے کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں رابطہ رکھیں اورکسی بھی صورت میں کہیں سے بھی کوئی شکایت نہ ملے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے قائم شدہ کنٹرول روم سے کسی بھی مشکل میں رابطہ کریں۔