مفت اسکوٹیز کے لئے 8 ہزار درخواستیں موصول،تربیت کیلئے سندھ حکومت کا معاہدہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے ۔
پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے ۔مقامی ہوٹل میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور بین الاقوامی فوڈ چین کے ایف سی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال حکیم دایو اور کے ایف سی کے سی ای او رضا پیر بھائی نے یادداشت پر دستخط کیے ۔ تقریب میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے ۔مفاہمتی یادداشت کے تحت حکومت سندھ کے ایف سی کے تعاون سے کو اسکوٹیز چلانے کی تربیت دینے کے لئے سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سینٹرز قائم کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ پنک بس پاکستان کی تاریخ کا پہلا خواتین کے لیے مخصوص پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ تھا، جسے عالمی میڈیا نے سراہا۔ اب خواتین کو مفت پنک ای وی اسکوٹیز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ مزید خودمختار ہوں۔اب تک 8 ہزار خواتین نے مفت اسکوٹیز کے لیے درخواست دی ہے جن میں سے 140 خواتین کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود ہیں۔ کے ایف سی نے پیشکش کی ہے کہ وہ خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے گا اور لائسنس کی فیس بھی ادا کرے گا۔ اس منصوبے کی بیٹنگ شفاف ہوگی اور اسکوٹیز سو فیصد میرٹ پر دی جائیں گی۔ حکومت سندھ جلد پنک ٹیکسی سروس بھی شروع کرے گی۔