پیشہ ور قصاب کی تلاش مشکل، نرخوں میں 50 فیصد اضافہ

 پیشہ ور قصاب کی تلاش مشکل، نرخوں میں 50 فیصد اضافہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کے سنت ابراہیمی ادا کرنے کے لیے پیشہ ور قصاب کو تلاش کرنا ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے ۔۔

پیشہ ور قصابوں نے امسال جانوروں کی قربانی کے نرخ میں 30 سے 50 فیصد اضافہ کردیا ہے۔ لیاقت آباد کے پیشہ ور قصاب بابو قریشی نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے کے ریٹ ہر علاقے میں الگ الگ ہیں۔ جانوروں کو ذبح کرنے کے ریٹ کا تعین اس کے وزن کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔پیشہ ور قصابوں نے عیدالاضحی سے تین روز قبل بکنگ بند کردی ہے۔ عیدالاضحی پر ہلکے وزن کے بڑے جانور کم ازکم نرخ 20 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 30 ہزار روپے سے زائد ہیں۔ دوسرے دن کے 18 ہزار اور تیسرے دن کے 15 ہزار روپے ریٹ ہیں۔ زائد وزن کے جانور کے ریٹ بات چیت کے ذریعے طے کیے گئے ہیں۔ بابو قریشی نے بتایا کہ پیشہ ور قصابوں نے ایک جانور کے بجائے محلہ کی سطح پر زائد جانور قربان کرنے کی بکنگ کی ہے ۔ گزشتہ برس عیدالاضحی پر پیشہ ور قصابوں نے بڑے جانور کو قربان کرنے کے ریٹ 15 سے25 ہزار یا اس سے زائد وصول کیے تھے ۔ بکرے اور دنبہ کے ریٹ اس سال 8 ہزار سے 15 ہزار روپے تک ہیں۔ دوسرے اور تیسرے روز چھوٹے جانوروں کو قربان کرنے کے ریٹ میں 30 سے 50 فیصد کمی ہوجاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پیشہ ور قصابوں نے پوش علاقوں میں قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے کی بکنگ زیادہ کی ہے کیونکہ وہاں مناسب اور اچھا معاوضہ ملتا ہے ۔پیشہ ور قصابوں کی قلت کے باعث موسمی قصائی عید پر اپنا ہنر دکھائیں گے۔ عیدالاضحی پر اجرت پر مزدوری کرنے والے افراد تین روز کے لیے موسمی قصائی بن جاتے ہیں۔ یہ موسمی قصائی پیشہ ور قصابوں کے مقابلے میں 30 سے 50 فیصد کم معاوضہ پر جانور قربان کرتے ہیں۔ ان موسمی قصائیوں کو متوسط علاقوں میں زیادہ مزدوری مل جاتی ہے اور یہ گروپ کی شکل میں دیہاڑی لگاتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں