وزیراعلیٰ کی سفیروں، وزرا کے اعزاز میں عید ملن

وزیراعلیٰ کی سفیروں، وزرا کے اعزاز میں عید ملن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عید الاضحی کی خوشیوں کو منانے کے لیے ایک پر وقار عید ملن تقریب کا اہتمام کیا۔۔

 جس میں سفیروں، صوبائی وزرا، مشیروں، خصوصی معاونین، آئی جی پولیس، صوبائی سیکریٹریز، سینئر افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، کراچی ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب وزیراعلی ہاؤس میں منعقد ہوئی، جہاں سید مراد علی شاہ نے متحدہ عرب امارات، چین، جاپان، ملائشیا، اٹلی، انڈونیشیا، قطر، برطانیہ، امریکہ، بنگلہ دیش، سعودی عرب، ترکی، عمان، روس اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز سے خصوصی ملاقات کی۔ کیتھولک رہنما کارڈینل جوزف کوٹس، فادر ماریو، اور پارسی کمیونٹی کے رہنما دینشا بہرام اواری نے بین المذاہب ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔ تقریب میں معروف کاروباری شخصیات عقیل کریم ڈھیڈی، زبیر موتی والا، جاوید بلوانی اور دیگر شریک تھے ۔ وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے تمام مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ مہمانوں کی تواضع روایتی تکہ کباب، مٹھائیوں اور دیگر ریفریشمنٹس سے کی گئی۔ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید الاضحی قربانی، صبر اور اخلاص کا درس دیتی ہے ، اور حضرت ابراہیم (ع) کی عظیم قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے قربانی دینا اصل عبادت ہے ۔ انہوں نے سندھ میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو جماعت کا اصل سرمایہ قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں