حیدرآباد:وفاقی بجٹ عوام دشمن، مسترد کرتے ہیں، احسان ابڑو

حیدر آباد(نمائندہ دنیا)پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے ترجمان احسان ابڑو نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ اس بجٹ کے ذریعے میاں شہباز شریف اینڈ کمپنی نے اپنی ہی حکومت پرخودکش حملہ کردیا ہے۔
وفاقی بجٹ سے پہلے حکومت نے اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سمیت اراکین اسمبلی اور سینیٹ کی تنخواہوں میں کئی سو گنا اضافہ کرکے اپنی ترجیحات کا اشارہ دے دیا تھا مگر بجٹ اعلان کے بعد اندازہ ہوا کہ ان کی ترجیحات اندازوں سے بھی زیادہ مہلک ہیں، بجٹ میں سوائے آٹے اور دالوں کی قیمتوں میں کمی، کمپیوٹرز سمیت مخصوص الیکٹرانک آلات، اسلحے کی قیمتوں میں کمی کے 24 کروڑ عوام سے بھونڈا مذاق کیا گیا، تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد مہنگائی کی چکی میں پستے سرکاری ملازمین کے ساتھ دھوکے کے مترادف ہے ، سولر پینلز مہنگے کرکے عوام کے لئے سستی بجلی کے حصول کو مشکل بنا دیا گیا، کپڑے ، خشک دودھ، یہاں تک کہ کتوں بلیوں کی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ن لیگ حکومت عذاب کو دعوت دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں سندھ کے ساتھ امتیازی رویہ رکھا گیا، جس کی مثال سیکڑوں ارب روپے کے حیدرآباد سکھر موٹر وے منصوبے کے لئے صرف 15 ارب روپے مختص کرنا ہے ۔ وفاقی حکومت نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں کمی کرکے بھی اپنی روایتی دشمنی کا کھلا اظہار کیا ہے۔