جوڈیشل الاؤنس عدم فراہمی کیس میں عملدرآمد رپورٹ طلب

جوڈیشل الاؤنس عدم فراہمی کیس میں عملدرآمد رپورٹ طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے اسپیشل جوڈیشل الاؤنس کی عدم فراہمی کے کیس میں سرکاری وکیل کو بجٹ کے بعد عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ فنانس سیکریٹری اور چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب پیش ہوئے ۔

 عدالت نے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کی عدم موجودگی پر استفسار کیا جس پر بتایا گیا کہ ممبر انسپکشن ٹیم ون اور ڈپٹی رجسٹرار بجٹ برانچ عدالت میں موجود ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے مؤقف اپنایا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیا جاچکا ہے ، کابینہ نے جوڈیشل ملازمین کے الاؤنس کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے اور معاملہ سندھ اسمبلی کو ارسال کردیا گیا ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ الاؤنس کی رقم مختص کرنے کی ابھی صرف تجویز ہے ، اس کی باقاعدہ منظوری نہیں ہوئی۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ بجٹ کی منظوری کے بعد اس بارے میں رپورٹ طلب کی جائے گی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ توقع ہے کہ بجٹ میں اسپیشل جوڈیشل الاؤنس کے لئے مختص رقم کی منظوری ہوجائے گی، ایسی صورت میں سندھ حکومت عدالتی احکامات کے مطابق الاؤنس کی تقسیم یقینی بنائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں