شاپنگ مال میں آتشزدگی، درجنوں دکانیں،دفاتر تباہ

شاپنگ مال میں آتشزدگی، درجنوں دکانیں،دفاتر تباہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملینیئم مال گلستانِ جوہر میں خوفناک آتشزدگی، درجنوں دکانیں و دفاتر تباہ ، کروڑوں روپے مالیت کا نقصان دو فلور مکمل طور پر جل گئے دو کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔

 تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر ملینیئم شاپنگ مال میں بدھ کی علی الصبح ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ مال کے تیسرے فلور پر واقع کنٹرول روم سے بھڑکی، جو فوراً ہی چھت پر نصب الیکٹریکل وائرنگ اور چلرز کے ذریعے پھیل کر نیچے کے فلورز تک جا پہنچی۔ ترجمان ریسکیو 1122، حسن خان کے مطابق آگ نے تیسرے فلور پر موجود کارپوریٹ دفاتر اور متعدد دکانوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم مال کے دو سیکورٹی گارڈ معمولی زخمی ہوئے ، آتشزدگی کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی 12 گاڑیاں اور 2 اسنارکلز فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئیں، جبکہ ریسکیو 1122 اور کے ایم سی کے اہلکاروں نے بھی ریسپانس میں حصہ لیا۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق ابتدائی مراحل میں پانی کی شدید قلت کے باعث آپریشن میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ،فائربریگیڈ ذرائع کے مطابق واٹر بورڈ کی جانب سے بروقت واٹر ٹینکرز فراہم نہ کیے جانے سے آگ پر فوری قابو پانا ممکن نہ ہو سکا۔ بعد ازاں واٹر کارپوریشن اور فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پانی کی بلا تعطل سپلائی کو ممکن بنایا، ریسکیو حکام کے مطابق شاپنگ مال کی عمارت میں نصب فائر فائٹنگ سسٹم بھی ناکارہ ثابت ہوا، جو آگ پر ابتدائی کنٹرول میں ناکامی کا سبب بنا۔فائرفائٹرز کی چھ گھنٹے طویل اور مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ تاہم عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے ۔ چیف فائر آفسیر ہمایوں خان کے مطابق عمارت میں وینٹیلیشن کا نظام اور ایمرجنسی فائر ایگزٹ بھی نہیں تھا جسکی وجہ سے آپریشن میں مشکلات پیش آئی اور عمارت میں دھواں بھرنے کے بعد عمارت کے شیشے توڑ کر ریسکیو آپریشن کو مکمل کیا گیا ۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے آتشزدگی کے نتیجے میں مال کے دوسرے اور پہلے فلور کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے جہاں تین سو سے زائد دکانیں قائم ہیں ۔ تاہم مجموعی نقصانات کا تخمینہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی لگایا جاسکے گا ۔ڈیفنس ویو میں آٹو ورکشاپ میں آگ لگ گئی ، جس سے دکان کو جزوی نقصان پہنچا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں