آئی آئی چندریگر روڈ کو عالمی معیار پر ترقی دینے کا منصوبہ

کراچی (این این آئی)کراچی بیوٹیفکیشن ٹاسک فورس نے شہر کی اہم کاروباری شاہراہ، آئی آئی چندریگر روڈ کی بین الاقوامی معیار پر تزئین و آرائش کیلئے نجی اور کارپوریٹ شعبے کو اشتراک کی دعوت دی ہے۔۔۔
اس منصوبے کا مقصد اس سڑک کو عالمی کاروباری مراکز جیسے وال اسٹریٹ کے طرز پر ترقی دینا ہے ۔ ٹاسک فورس کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا جس میں نجی بینکوں، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اجلاس کے دوران ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی جس میں آئی آئی چندریگر روڈ کی مکمل بحالی کا ماسٹر پلان پیش کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ طویل عرصے سے درپیش پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے بارہ دری پارکنگ سے آئی آئی چندریگر روڈ تک شٹل بس سروس شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی جس کے لیے نجی بینکوں سے تعاون حاصل کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں شریک مختلف مالیاتی و حکومتی اداروں نے منصوبے کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور اس پر فوری عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے پائیدار خوبصورتی اور مستقل دیکھ بھال کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ کمیٹیوں کے قیام کی بھی سفارش کی، منصوبے کو تکنیکی بنیادوں پر مزید مؤثر بنانے کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین نے اپنی پیشہ ورانہ رائے اور جدید تجاویز پیش کیں۔