تیز رفتار کا رالٹ گئی ،خاتون سمیت4افراد جاں بحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہاکس بے روڈ پر تیز رفتار کار کے حادثے میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے ۔ حادثہ ماڑی پور روڈ گدھا گاڑی چوک پر پیش آیا ۔ کار سوار 8 افراد ہاکس بے ساحل سے شہر کی جانب واپس آرہے تھے ۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق کار تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر نالے کی دیوار سے جا ٹکرائی اور الٹ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ ڈرائیور کو نیند آنے یا گاڑی پر قابو نہ رہنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق افراد میں ایک مرد، ایک خاتون اور دو کمسن بچیاں شامل ہیں۔ ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 کم عمر بچیاں 7 سالہ زینب، 10 سالہ عائشہ ایک 40 سالہ خاتون خالدہ اور مرد ڈرائیور 45 سالہ یوسف ولد دین ڈوگر شامل ہیں۔ زخمیوں میں 20 سالہ زین، 4 سالہ حسین اور 8 سالہ فاطمہ، 42 سالہ صبا، جبکہ سحر اور انوشہ نامی دو کم عمر بچیاں شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ انچارج ٹراما سینٹر ڈاکٹر عبدالرزاق کے مطابق اسپتال میں مجموعی طور پر 10 افراد کو منتقل کیا گیا، جن میں تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، جنہیں سر میں گہری اندرونی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ دیگر تین زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ ڈاکٹر عبد الرزاق کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق پنجاب سے ہے ، جو پکنک مناکر ہاکس بے سے واپس آرہا تھا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعے کو رواں سال کا سب سے بڑا حادثہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ روڈ خود بھی خطرناک ہے ، اس لیے جلد حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیملی اس وقت ایسی حالت میں نہیں کہ کوئی بیان دے سکے ۔ حادثے کے بعد حادثات کی تفتیش کیلئے بنائی گئی خصوصی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کا شکار افراد کے اہل خانہ سے رابطہ کیا جارہا ہے ۔