مخدوش عمارتوں کیخلاف آپریشن، 44خالی کرا لی گئیں

مخدوش عمارتوں کیخلاف آپریشن، 44خالی کرا لی گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سیدحسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے اور گرانے کے جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع جنوبی اور شرقی میں اب تک 44 مخدوش عمارتوں کو مکینوں کی حفاظت کی خاطر خالی کرالیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنرجنوبی جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ 41 عمارتوں کو خالی کرایا گیا ہے جن میں دس تاریخی عمارتیں بھی شامل ہیں۔ سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ضلع جنوبی میں مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کا کام کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر نے بتایا کہ ضلع شرقی میں 9 عمارتیں انتہائی مخدوش قرار دی گئیں جن میں سے دو عمارتیں خالی کرالی گئی ہیں گلستان جوہر میں ایک عمارت مالک نے خود منہدم کرنے کا کام شروع کر دیا ہے ۔علاوہ ازیں پی آئی بی کالونی میں واقع عمارت کی پانچویں منزل کو گرایاجا رہا ہے ۔ مجموعی طور پر ایس بی سی اے کی جانب سے مخدوش قرار دی گئی 588 عمارتوں میں سے 68 عمارتوں کو انتہائی مخدوش قرار دیا گیا ہے پہلے مرحلہ میں ان 68 عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا اور منہدم کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مخدوش عمارت کو منہدم کرنے کا عمل شروع کرنے کے لئے کمشنر کراچی یا ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کی منظوری درکار ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں