ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی زیرِ قیادت پیس کمیٹی کااجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی زیرِ قیادت پیس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سیاسی، مذہبی، انتظامی اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ضلعی سطح پر امن و امان، بین المذاہب ہم آہنگی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، مجلس وحدت المسلمین، جماعت اسلامی، جمعیت علماء پاکستان، تحریک لبیک پاکستان سمیت دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ بزنس کمیونٹی، پولیس کے اعلیٰ افسران، میونسپل کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔طحہ سلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیس کمیٹی کا کردار نہ صرف امن و امان کے قیام بلکہ عبادت گاہوں اور اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی کلیدی ہے ۔یہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال، مختلف آفات اور تہواروں کے موقع پر فعال کردار ادا کرے گی۔ پرامن معاشرے کے قیام کے لیے انسانیت، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے مذہب کا احترام ضروری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے چہلم، 12 ربیع الاول اور جشنِ پاکستان جیسے مواقع کی تیاری ابھی سے شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں اب تک 50 سے زائد عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے اور غیر قانونی تعمیرات اور خطرناک عمارتوں کی ڈیمالیشن کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔