کمسن بیٹوں کو سمندر میں پھینک کر قتل کرنے کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت نے گھریلو ناچاقی پر اپنے کمسن بیٹوں کو سمندر میں پھینک کر قتل کرنے سے متعلق کیس میں ملزم کاشف رضا کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے ۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت میں گھریلو ناچاقی پر اپنے کمسن بیٹوں کو سمندر میں ڈوبو کر مارنے سے متعلق کیس میں ملزم کاشف رضا کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کے خلاف فرد جرم عائد ہو چکی ہے ، استغاثہ کے گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جاچکے ہیں، وکیل صفائی نے ٹرائل میں تاخیر کو وجہ بتاتے ہوئے ضمانت کی استدعا کی لیکن گواہ ہرسماعت پر پیش ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ ملزم کی دوسری بار درخواست ضمانت مسترد ہوئی ہے ۔ استغاثہ کے مطابق 2023 میں ملزم اپنے بچوں کو منوڑہ لے کر گیا، ملزم نے اپنے بچوں کو سمندر میں پھینک دیا، ملزم کو لوگوں نے پکڑ کر ویڈیو بنائی، ملزم نے اعتراف کیا کہ اپنی بیوی کے جھگڑے کی وجہ سے اس نے یہ حرکت کی ہے ، ملزم کے خلاف تھانہ ماڑی پور میں مقدمہ درج ہے ۔