سرکاری کالجز میں داخلے مکمل،کمپیوٹر سائنس مقبول فیکلٹی

سرکاری کالجز میں داخلے مکمل،کمپیوٹر سائنس مقبول فیکلٹی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سرکاری کالجوں میں تعلیمی سال 26-2025 کیلئے داخلوں کا مرحلہ مکمل ہوگیا اور گزشتہ برس کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ داخلے ہوئے ۔

 مختلف شہروں میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 69 ہزار 923 طلبہ نے مختلف کالجوں میں داخلہ حاصل کیا۔رواں سال گیارہویں جماعت کا سیشن 5 اگست کو شروع کیا جا رہا ہے ، اس مرتبہ کمپیوٹر سائنس سب سے مقبول فیکلٹی رہی، پہلی بار داخلے کے لیے طلبہ کو فیکلٹی اور کالج تبدیل کرنے کا موقع بھی دیا گیا، پرنسپلز کو داخلے کی تبدیلی، کلیم اور ٹرانسفر کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔کراچی میں سب سے زیادہ 99 ہزار 711 طلبہ نے کالجوں میں داخلہ لیا، رواں سال سب سے زیادہ داخلے کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں حاصل کیے گئے جہاں 31 ہزار 692 طلبہ نے اس شعبے کا انتخاب کیا، اس کے بعد پری میڈیکل میں 22 ہزار 846، کامرس میں 21 ہزار 233، پری انجینئرنگ میں 11 ہزار 386، ہیومینیٹیز میں 8 ہزار 876 اور ہوم اکنامکس میں 160 داخلے ہوئے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی نے بتایا کہ رواں سال سب سے زیادہ داخلے کمپیوٹر سائنس میں ہوئے ، یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے ، اب طلبہ کی ترجیحات بھی بدل گئی ہیں۔اس مرتبہ داخلوں کا عمل طلبہ کی مرضی سے مکمل کیا گیا ہے ، کسی پر زبردستی فیکلٹی یا کالج مسلط نہیں کیا گیا، اس پالیسی کو طلبہ اور والدین دونوں نے خوش آئند قرار دیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں