زمینی تنازع، حادثات، واقعات میں 4 جاں بحق،2 لاشیں ملیں

زمینی تنازع، حادثات، واقعات میں 4 جاں بحق،2 لاشیں ملیں

جیکب آباد، کنڈیارو،پڈعیدن، محراب پور، میرپورخاص (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) اندرون سندھ زمینی تنازع، ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں 3 افراد جاں بحق ایک زخمی، 2 کی لاشیں ملیں۔

 تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جمالی واہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے شیر علی گولاٹو کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے لاش کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی۔واقعہ کے خلاف گولاٹو برادری نے احتجاج کرتے ہوئے لاش کے ساتھ زیرو پوائنٹ پر دھرنا دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔جبکہ بائی پاس پر تیز رفتار مسافر وین اور لوڈر رکشے میں تصادم کے نتیجے میں لوڈر رکشے کا ڈرائیور عابد بروہی جاں بحق ہوگیا۔ پڈعیدن تھانے کی حدود گاؤں امیر علی آرائیں میں مسلح افراد نے گولیاں مار کر جانی آرائیں کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق معاملہ زرعی زمین کے دیرینہ تنازع پر پیش آیا۔تین برس قبل بھی تنازع پر جانی آرائیں کے دو بھائیوں اصغر اور ذوالفقار کو مسلح افراد نے قتل کردیا تھا۔ جبکہ گاؤں ہاشم کھوسو کے قریب نثر ڈنو شاخ اور قومی شاہراہ مورو شاہ پور کے قریب سے 2 نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ شکارپور کے قریب گاؤں پیر بکر میں کھوسہ برادری کے دو گروپوں میں زمین کی ملکیت پر جھگڑے میں گولی لگنے سے عبدالعزیز کھوسو ولد دھنی بخش موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ میرپورخاص کے علاقے غریب آباد میں سڑک پر لگا درخت گرنے سے فیض ملکانی جاں بحق ہوگیا۔ درخت گرنے سے بجلی کی ٹرانسمیشن کو بھی نقصان پہنچا، جس سے علاقے کی بجلی بند ہوگئی۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق دریا خان مری تھانے کی حدود مہران ہائی وے پر تیز رفتار مسافر کوچ کی رکشے کو ٹکر سے ڈرائیور ارشد کھوکھرشدید زخمی ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں