اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹ مہاجر ثقافت پر یلغار ، آفاق احمد

اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹ مہاجر ثقافت پر یلغار ، آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹ مہاجر ثقافت پر حملہ قرار دے دی۔ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں آفاق احمد نے کہا ہے کہ۔۔۔

 شہر کے سنگین مسائل میں ایک مسئلہ اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹ کا بھی ہے جو مہاجر ثقافت پر ایک سوچی سمجھی یلغار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام گاڑی یا موٹرسائیکل کی رجسٹریشن کے وقت فیس ادا کرتے ہیں مگر حکومت سکیورٹی کے نام پر بار کوڈ والی نمبر پلیٹ جاری کرکے لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ۔ نئی نمبر پلیٹ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر اسے ایک خاص ثقافتی رنگ دے کر مہاجروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔شہر میں سندھی بولنے والوں کی آبادی صرف دس فیصد ہے مگر حکومت زبردستی اپنا کلچر مسلط کرنا چاہتی ہے ، ماضی میں بھی ہماری زبان پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی گئی تھی اور آج پھر مہاجر ثقافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اگر اس سلسلے کو نہ روکا گیا تو یہ معاملہ شدت اختیار کر جائے گا۔ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ وہ سندھی بھائیوں سے اس پر دلیل کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہیں لیکن پیپلزپارٹی لسانیت کو ہوا دے رہی ہے جس سے مہاجر عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئی نمبر پلیٹ اختیاری ہونی چاہیے اور شہریوں کو اپنی مرضی سے نمبر پلیٹ لگانے کا اختیار دیا جانا چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں