پاک کرغیزستان اقتصادی تعاون ترقی کاضامن،گورنر
کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان اقتصادی تعاون علاقائی ترقی کا ضامن بن سکتا ہے ۔
یہ بات انہوں نے ریپبلک آف کرغیزستان کے نائب وزیراعظم و کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین ایڈل بیسالووسے 10 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارتی و اقتصادی روابط کو فروغ دینے ، ادارہ جاتی میکانزم کو فعال بنانے اور خطے میں رابطوں کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ وفد میں کرغیزستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ ، ڈپٹی وزیر برائے کامرس اینڈ اکنامکس ، ڈپٹی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن ، نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ، پاکستان میں تعینات سفیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے ۔وفد نے گورنر ہاؤس میں جاری فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا جن میں امید کی گھنٹی، آئی ٹی کلاسز، اور راشن ڈرائیو شامل ہیں۔ وفد نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی دفتر کا بھی دورہ کیا۔ کرغیز نائب وزیراعظم نے گورنر سندھ کو \\\"عوامی گورنر\\\" قرار دیتے ہوئے ان کے عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا ۔ انہوں نے کرغیز سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی چیمبر آف کامرس کا وفد کرغیزستان جائے گا جبکہ کرغیز چیمبر آف کامرس کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے ۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر ہاؤس میں کرغزستان کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ملاقات میں سینئر مرکزی رہنما انیس احمد قائم خانی و دیگر بھی موجود تھے ۔