سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل سمیت تمام 29 ملزمان بری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کی جائیدادیں من پسند افراد کو منتقل کرنے سے متعلق ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل سمیت تمام 29 ملزمان کو بری کردیا۔
ریفرنس کی سماعت کے دوران کامران مائیکل اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جہاں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا اور نیب کا دائر کردہ ریفرنس ختم کر دیا۔ وکلائِ صفائی نے عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ کامران مائیکل وفاقی وزیر ضرور تھے مگر زمینوں کی منتقلی کا اختیار ان کے پاس نہیں تھا کیونکہ وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ ہی نہیں تھے ۔ وکلاء نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنس سیاسی بنیادوں پر 2018 میں بنایا گیا اور ان کے مؤکل کو بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے چھ ماہ تک جیل میں رکھا گیا۔