مرکزی مسلم لیگ کا ہفتہ آزادی منانے کا اعلان

مرکزی مسلم لیگ کا ہفتہ آزادی منانے کا اعلان

کراچی(این این آئی)مرکزی مسلم لیگ کراچی نے 7اگست سے 14تک ہفتہ آزادی منانے کا اعلان کردیا۔اعلان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نے مرکزی مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر جنرل سیکرٹری مدثراقبال چودھری، نائب صدرانجینئر نعمان علی ودیگر بھی موجود تھے ۔ احمد ندیم اعوان کا کہنا تھا کہ ’’متحد قوم، فاتح پاکستان‘‘کے سلوگن کے تحت 7 اگست سے 14 اگست تک شہر بھر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس مہم کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے ۔ تمام شعبہ جات اس مہم میں بھرپور انداز میں شریک ہوں گے ۔ یوتھ ونگ کے زیرِ اہتمام مختلف علاقوں میں کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کیا جا سکے ۔ تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے ، ملی نغموں کے پروگرام اور تاریخ پاکستان پر مبنی سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔خواتین اور بچوں کے لیے الگ تقریبات، ثقافتی سرگرمیاں، اور قومی یکجہتی کے پروگرامز بھی ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ 12 اور 13 اگست کو شہر کے تمام ٹانز میں ’’آزادی کیمپس‘‘ لگائے جائیں گے ، 14 اگست کو شارع فیصل تا شاہراہِ قائدین ’’آزادی مارچ‘‘منعقد ہوگا، جبکہ ہر ٹاؤن کی سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے ، یہ کسی سودے بازی کا نام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو سمجھانا ہوگا کہ پاکستان محض ایک جغرافیہ نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں