آبی بحران:اسٹیل مل کے تعلیمی ادارے8اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ

آبی بحران:اسٹیل مل کے تعلیمی ادارے8اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹیل مل کے زیر انتظام تعلیمی ادارے 4 اگست سے 8 اگست تک عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن انتظامیہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ پانی کی شدید قلت اور صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث کیا گیا ہے ۔ بند کیے جانے والے تعلیمی اداروں میں اسکول اور کالج شامل ہیں جو 8 اگست تک عارضی طور پر بند رہیں گے ۔ یہ فیصلہ پاکستان اسٹیل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طلبا اور عملے کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی طور پر کیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسٹیل ٹاؤن اور گلشنِ حدید کے علاقوں میں پانی کی فراہمی کے بحران کے سبب اداروں میں صفائی کے بنیادی انتظامات کو برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، تعلیمی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل رہیں گی، تاہم یومِ آزادی (14 اگست) کی تقریبات کی تیاری کے سلسلے میں ضروری عملے اور منتخب طلبا کو طلب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ بھی اداروں میں موجود رہے گا، جبکہ رخصت پر موجود عملہ مقررہ تاریخ کو ڈیوٹی پر واپس آئے گا۔ یہ فیصلہ ADCE انچارج (A&P Dte.) کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں