13 اگست کو ملکی تاریخ کاسب سے بڑاکنسرٹ کرینگے ،سعید غنی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 13 اگست کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے کنسرٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جشن آزادی اور معرکہ حق کے عنوان سے منعقد کیا جارہا ہے۔
جس میں پاکستان کے تمام بڑے بڑے میوزک گروپس اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ 9 اگست کو ایکسپو سینٹر کراچی میں بھی ایک عظیم الشان مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ یوم آزادی اور معرکہ حق کے حوالے سے سندھ بھر میں منعقد ہونے والی تمام تقریبات کسی سیاسی یا سندھ حکومت نہیں بلکہ عوام کی تقریبات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوایکسپو سینٹر کراچی اور نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی ودیگر موجود تھے ۔ سعید غنی نے کہا کہ آج ہم نے جشن آزادی کے حوالے سے جو تقریبات ہونی ہیں ان جگہوں کا دورہ کیا ہے ، اس سال پورے سندھ میں جشن آزادی اور بھارت سے جنگ کی فتح معرکہ حق کو شاندار انداز میں منایا جارہا ہے ۔ سعید غنی نے کہا کہ13 اگست کے کنسرٹ کی کوئی ٹکٹ نہیں ہے اور ہر شہری کے لئے فری انٹری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے کنسرٹ کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جارہا ہے جبکہ یہاں صرف خواتین کے لئے علیحدہ، فیملی کے لئے علیحدہ انکلوزرز بنائے جائیں گے ۔