ہنگامہ آرائی کیس،تحریک انصاف کے 12کارکنوں کی ضمانت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)یونیورسٹی روڈ پر تحریک انصاف کی ریلی کے دوران ہنگامہ آرائی اور کارسرکار میں مداخلت کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے بارہ گرفتار کارکن کو ضمانت پر رہا کردیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کا سی آر او اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے تاہم ملزمان کے وکیل شجاعت علی خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں شامل تمام دفعات قابل ضمانت ہیں اور گرفتار کارکنان کا کسی قسم کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں۔ عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل کے بعد گرفتار 12 کارکنان کی ضمانت منظور کرلی اور ہر ملزم کو پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم جاری کیا۔ دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی کی عدالت نے تحریک انصاف کراچی کے صدر راجہ اظہر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت کی۔عدالت نے راجہ اظہر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ عدالت نے پولیس کو 11 اگست تک راجہ اظہر کی گرفتاری سے روک دیا جبکہ انہیں تفتیش میں شامل ہونے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔