اشتہاری بورڈز کے خلاف درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور

اشتہاری بورڈز کے خلاف درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ میں شہر بھر میں رہائشی عمارتوں، گھروں کی چھتوں، دیواروں اور دیگر غیر محفوظ مقامات پر نصب کیے گئے۔

 بڑے بڑے بل بورڈز اور سائن بورڈز کے خلاف دائر آئینی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی گئی ہے ۔ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل مرید علی شاہ ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ مون سون کے موسم میں تیز بارشوں اور آندھی کے باعث ان بل بورڈز کے گرنے کا شدید خطرہ ہے جو شہریوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے ۔ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے لہٰذا فوری عدالتی مداخلت ناگزیر ہو چکی ہے ۔ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ ہمیں آج کے موسم کے بارے میں کچھ یقینی معلومات دے سکتے ہیں؟ وکیل نے محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں اور سابقہ عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کی۔وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا واضح حکم موجود ہے جس میں بل بورڈز کی غیر قانونی تنصیب کو روکنے اور ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن اس حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں