نارتھ ناظم آباد جیم خانہ میں ہلڑ بازی کا معاملہ سامنے آگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد جیم خانہ میں ڈاکٹر عاصم حسین کا نام استعمال کرکے معزز ارکان کے ساتھ بدتمیزی اور شور شرابہ کرنے کا معاملہ اور شکایت سامنے آگئی ہے۔
ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف صدر جیم خانہ سمیت متعلقہ پولیس حکام کو شکایت ارسال کردی گئی۔ دنیا نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق نارتھ ناظم آباد جیم خانہ میں 29جولائی کی شب ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب دو ارکان نعیم الدین اور تنویر کے درمیان شور شرابا اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کی وجہ سے وہاں موجود ارکان کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔شکایت میں بتایا گیا کہ جیم خانہ میں انتظامی کمیٹی کی ہدایت پر رکن نعیم الدین تزئین و آرائش کا کام کروانے میں مصروف تھے کہ اس دوران تنویر احمد نامی ممبر نے کام میں مداخلت کی اور پھر ہلڑ بازی و شور شرابا شروع کردیا اور بعد میں ڈاکٹر عاصم حسین کا نام لیکر اس بات پر زور دیا کہ نارتھ ناظم آباد جیم خانہ میں ڈاکٹر عاصم کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم جیم خانہ کے کچھ اکابرین نے اس واقعہ پر ڈاکٹر عاصم حسین کے قریبی لوگوں سے رابطہ کیا توجواب آیا کہ شور شرابا کرنے والے عناصر کا ڈاکٹر عاصم حسین سے تعلق جوڑنا درست نہیں ہے۔