سکھر:کاروکاری کے الزام میں خاتون قتل،قاتل بھانجا گرفتار
سکھر ،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا )تھانہ اے سیکشن کی حدود بیراج کالونی میں 55 سالہ بیوہ خاتون حسینہ کو اس کے بھانجے حاجی ولد سومر شیخ نے سیاہ کاری کے الزام پر چھریوں کے وار سے قتل کر دیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ جیکب آباد کے تھانہ مولاداد کی حدود گاؤں لوٹو بروہی میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار علی احمد بروہی کے گھر پر حملہ کر کے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب تھانہ آباد کی حدود گاؤں مور شاہ میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے 8 سالہ بچہ ساون کٹو ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ملبہ ہٹا کر بچے کو نکالا مگر وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔نوشہرو فیروز کی حدود گاؤں حاجی امام علی مشوری میں مہنگائی اور گھریلو پریشانیوں سے تنگ نوجوان اعجاز مشوری نے درخت سے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔اسی ضلع کے علاقے کلہوڑا اسٹیشن پر کلہوڑو برادری کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں کلہاڑیاں، ڈنڈے اور اینٹیں چلنے سے بچی ثانیہ بنت میر محمد سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ ادھر ابڑاں تھانہ کی حدود گاڑی موری وگن، نیم والا کھوسہ میں مسلح افراد نے صحافی خادم سیال کی زرعی زمین پر نصب سولر پلیٹ کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی۔ اہل دیہہ کے جاگنے پر ملزمان فرار ہو گئے۔