درخواست گزاروں کو عدالت کے وقت کا خیال رکھنے کی سخت ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں صوبے میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کے خلاف دو نجی کمپنیوں کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزاروں کو عدالت کے وقت کا خیال رکھنے کی سخت ہدایت دی۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ روز وقت ضائع کرنے پر ایک درخواست گزار پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور آپ بھی ذہن میں رکھیں کہ اگر یہی روش اپنائی گئی تو آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوسکتا ہے ۔ عدالت نے مزید کہا کہ عدالت آنے سے پہلے اپنے اعتراضات کے بارے میں متعلقہ محکمے سے رجوع کریں تاکہ عدالتی وقت ضائع نہ ہو۔ وکیل درخواست گزار نے ہدایات لینے کے لئے مہلت کی استدعا جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔