وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کیس کی نقول عدالت میں جمع ، ملزمان مفرور قرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسدادِ دہشت گردی کی منتظم عدالت میں ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کے مقدمے کی نقول عدالت میں جمع کرا دیں۔
مقدمے میں مرکزی ملزم عمران آفریدی سمیت آٹھ ملزمان کو مفرور قرار دیا گیا ہے ۔ مقدمہ مقتول کے بھائی خواجہ فیصل کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں قتل، اقدامِ قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق خواجہ شمس الاسلام اپنے بیٹے دانیال السلام کے ہمراہ خیابان راحت میںنمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے گئے تھے ۔ نمازِ جنازہ کے بعد واپسی پر مسجد کی سیڑھیوں کے قریب ملزم عمران آفریدی نے فائرنگ کی، جس سے ایک گولی خواجہ شمس السلام اور دوسری دانیال السلام کو لگی۔ ایف آئی آر میں عمران آفریدی کے ساتھ ضرار آفریدی، انعام خان، عثمان آفریدی، تقدیر، بہار گل، خستہ گل اور شہریار کو بھی مفرور ملزمان کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔