طلبہ کیلئے تعلیمی مواقع مہیاکرنا ریاستی ذمہ داری،جسٹس صلاح الدین

طلبہ کیلئے تعلیمی مواقع مہیاکرنا ریاستی ذمہ داری،جسٹس صلاح الدین

تھرپارکر (رپورٹ: اعجاز بجیر)سپریم کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور نے تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کا دورہ کیا اور وہاں مختلف تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا۔

 انہوں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، ویسٹ گرلز اسکول اور بوائز ڈگری کالج کا دورہ کیا۔ گرلز ڈگری کالج میں انہوں نے کلاسز، لائبریری اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا اور طالبات سے گفتگو کی۔اس موقع پر جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ سندھ میں لڑکیوں کی تعلیم بہت مشکل کام ہے ،جو والدین اپنی بیٹیوں کو تعلیم دلوا رہے ہیں وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تعلیمی اداروں کی شدید کمی ہے ، مثال کے طور پر سندھ یونیورسٹی میں صرف 12 ہزار نشستیں ہیں جبکہ امیدواروں کی تعداد 25 ہزار ہے ، باقی کے 13 ہزار طلبہ کہاں جائیں گے ؟ ۔انہوں نے کہاکہ ان طلبہ کے لیے بھی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وہ گورنمنٹ گرلز ویسٹ اسکول  بھی پہنچنے  اور اساتذہ اور  طلبہ کی محنت کو سراہا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی تھرپارکر کی عدم موجودگی پر جسٹس صلاح الدین پنہور نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس صلاح الدین نے سوال کیا کہ کیا ایس ایس پی بیمار ہیں ؟۔ ڈی ایس پی مٹھی نے بتایا کہ ایس ایس پی تھرکول میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کی میٹنگ میں مصروف ہیں۔ بعد ازاں  ایس ایس پی تھرکول سے واپس مٹھی پہنچے ۔ دورے کے اختتام پر جسٹس صلاح الدین پنہور نے چیلہار میں اوگھم منٹاراٹی کی جانب سے دی گئی دعوت میں بھی شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں