سندھ کو آئی ٹی کا صوبہ بنایا جائے گا،کامران ٹیسوری
کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کیماڑی پہنچے اور بوٹ ریلی کی رنگا رنگ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت نے چھیڑا تو پاک فوج نے غرور خاک میں ملا دیا اور انہیں پچھاڑ کر رکھ دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب اگلا معرکہ معیشت کا ہوگا اور سندھ کو آئی ٹی کا صوبہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بوٹ ریلی جیسے ایونٹس کراچی کی خوبصورتی اور ساحلی سیاحت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے ساحلی علاقے بھٹ آئی لینڈکا دورہ کیا، جہاں انہیں مقامی کمیونٹی کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر حسین بھٹی نے گورنر سندھ کو آگاہ کیا کہ بھٹ آئی لینڈ کراچی کا وہ علاقہ ہے جہاں جرائم کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے اور اسے زیرو کرائم ایریا قرار دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں ہنڈی کرافٹس کے فروغ اور معیاری ریسٹورینٹس کی تعمیر کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو بڑھایا جا رہا ہے ۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ مقامی کمیونٹی کی شمولیت سے صفائی اور ستھرائی کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے ، جس نے علاقے کے ماحول کو خوشگوار بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔