تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کافیصلہ

 تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کافیصلہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ اور منشیات کے عادی افراد کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت شہر کے نظم و ضبط سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کراچی کو صاف، محفوظ اور قابلِ رہائش شہر بنانے کے لیے بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اجلاس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ڈی آئی جی ٹریفک، میونسپل کمشنر کے ایم سی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر مشترکہ آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔میئر کراچی نے کہا کہ فری پارکنگ زونز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں اور جرمانے عائد کیے جائیں گے ساتھ تجاوزات دوبارہ قائم کرنے والی دکانوں کو بغیر نوٹس سیل کیا جائے گا اور چوری شدہ بلدیاتی اثاثے خریدنے والے دکانداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر غیر فعال ٹریفک سگنلز کی بحالی اور نئی روڈ مارکنگز کی منظوری بھی دے دی گئی۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہری جلد نئی روڈ مارکنگز کے ذریعے بہتر ٹریفک نظام کا مشاہدہ کریں گے ، کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔علاوہ ازیں ضلع وسطی میں شاداب فٹبال گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے چالیس ارب آگئے ہیں جو کہیں گے بنادوں گا گورنر کی ڈیمانڈ پر سو ارب ان سے مانگے ، اب وہ دعوی کررہے ہیں کہ چالیس ارب آگئے ہیں، لیکن کے ایم سی کے اکاونٹ میں یہ پیسے نہیں آئے یہ کیسے ہوسکتا ہے کسی اسلام آباد کی کمپنی کراچی کے کام کرائیں، ایم پی اے ، ایم این اے ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں، ان کا مزید کہنا تھا کہ مصطفی کمال کے دور میں جو فنڈز ملے تھے ایم این ایز کو وہ کے ایم سی کے تحت خرچ ہوئے تھے ، تو اب ایم کیو ایم کیوں تفریق کر رہی ہے ، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے دوست کام کرائیں گے تو خوش ہوں، انھوں نے مزید کہا کہ ضلع وسطی میں میگامنصوبوں میں کریم آباد انڈر پاس پر کام چل رہا ہے ، 30 ستمبر تک مکمل کرکے کھول دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں