کنڈیارو:صوبائی وزیر داخلہ نے ایجوکیشن کمپلیکس کا افتتاح کردیا
کنڈیارو (نمائندہ دنیا ) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے محراب پور شہر میں گرین کریسنٹ ٹرسٹ ایجوکیشن کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور ربن کاٹ کر عمارت کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ضلع نوشہرو فیروز کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں بہترین تعلیمی ادارے موجود ہیں۔ انہوں نے گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اندرونِ سندھ میں ایسے ادارے قائم کیے جہاں غریب عوام کے بچے زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت محکمہ تعلیم میں بہتری کے لیے کوشاں ہے ۔انہوں نے گرین کریسنٹ ٹرسٹ کو تجویز دی کہ دیگر سرکاری اسکولوں کو بھی اپنے نیٹ ورک میں شامل کریں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس ادارے میں تعلیم حاصل کرنے والی بچیاں اپنا علم آئندہ نسلوں کو منتقل کر رہی ہیں ۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بھی ٹرسٹ کے رکن بن کر تعلیمی شعبے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد سعید نے بتایا کہ گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے زیر انتظام سندھ بھر میں 173 اسکول قائم ہیں جن میں 1700 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ ڈاکٹر، انجینئر، اساتذہ اور دیگر شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نئے ایجوکیشن کمپلیکس میں 2500 طلبہ کو تعلیم دی جائے گی اور ٹیکنیکل تعلیم کو بھی فروغ دیا جائے گا ۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد ارسلان سلیم، ایس ایس پی روحل خان کھوسو، چیئرمین ضلع کونسل سہیل اختر عباسی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز شہید بینظیر آباد نصیر احمد جوگی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔