رواں سال کے 7ماہ میں 546افراد حادثات کی نذر
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 546 افراد جاں بحق جبکہ 8 ہزار 136 افراد زخمی ہوگئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق شہر میں 7 ماہ کے دوران ہیوی گاڑیوں سے ہونے والے جان لیوا حادثات میں 165 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
جس میں سب سے زیادہ 62 خونی و جان لیوا حادثات کا ذمہ دار ٹریلر نکلا۔ چھیپا فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق مختلف علاقوں میں جاں بحق ہونے والوں میں 425 مرد، 51 خواتین، 51 بچے اور 19 بچیاں شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 8 ہزار 136 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں 6411 مرد، 1237 خواتین، 398 بچے اور 120 بچیاں شامل ہیں۔چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان چودھری شاہد کے مطابق سب سے زیادہ 62 جان لیوا حادثات ٹریلر کی وجہ سے ہوئے، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 37 افراد ، ڈمپر کی ٹکر سے 32 افراد، بس کی ٹکر سے 20 افراد جبکہ ٹرک کی ٹکر سے 14 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ایک جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے قوانین پاسداری کے بیانات سامنے آتے ہیں تو دوسری جانب ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑاتی ہوئی پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ شہریوں کو روند کر انہیں زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ زندگی سے بھی محروم کر رہی ہے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ رات کو ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے کی اجازت کے بعد وہ کس اندازہ میں ڈرائیونگ کرتے ہیں انہیں چیک کرنے والا کوئی نہیں ہوتا۔