نجی اسکولوں کی سالانہ فیس کے نام پر والدین سے غیر قانونی رقم وصولی جاری
کراچی (سٹی ڈیسک )نجی اسکولوں کی جانب سے سالانہ فیس کے نام پر طلبہ کے والدین سے غیر قانونی اضافی رقم وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اضافی فیس ادا نہ کرنے کی صورت میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو کلاس میں بیٹھنے سے روک دیا گیا ۔
طلبہ کے والدین کی جانب سے اسکول انتظامیہ کے خلاف احتجاج پر اسکول انتظامیہ کا موقف ہے کہ سالانہ فیس ہر صورت میں ادا کرنا ہوگی، بصورت دیگر ہم بچے کو کلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔اس حوالے سے ایک طالب علم کے والد عاطف صادق شیخ نے الزام عائد کیا کہ سعدی ٹاؤن میں واقع نجی اسکولنگ سسٹم کی جانب سے ہم سے بچے کی ماہانہ فیس کے ساتھ سالانہ فیس کے نام پر الگ سے فیس وصول کی جاتی ہے ، جو نہ دینے کی صورت میں بچے کو کلاس میں بیٹھنے سے منع کر دیا جاتا ہے ۔