اسلحہ لائسنس پر بلٹس کے بیلسٹک دستخط کی تجویز
کراچی (این این آئی)وزیر داخلہ سندھ و قانون اور پارلیمانی امور سندھ ضیا الحسن لنجار کی صدارت میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں اسلحہ لائسنس کے نظام کو بہتر بنانے پر غور و خوض کیا گیا۔
اس نئے نظام کو متعارف کرنیکا مقصد اسلحہ لائسنسنگ کے جملہ امور و اقدامات سمیت کارکردگی اور شفافیت کو فروغ دینا ہے ۔مجوزہ اصلاحات کے تحت رہائشیوں کے پاس اپنے موجودہ کمپیوٹرائزڈ لائسنسز کو اسمارٹ کارڈ پر مبنی لائسنس میں تبدیل کرنے کا اختیار ہوگا۔اس نظام کو مجرمانہ ریکارڈ کے ڈیٹا بیس کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے گا جس سے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کے لیے اسلحہ کا لائسنس کا حصول تقریبا ناممکن ہو جائے گا۔ وزیر داخلہ سندھ نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کو لائسنس پر بلٹس کے بیلسٹک دستخط شامل کرنے کی تجویز دی جو پاکستان میں ناصرف ایک منفرد خصوصیت ہے بلکہ جرائم میں استعمال ہونے والی گولیوں کی ملکیت کا پتہ لگانے میں معاون بھی ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید ہدایات دیں کہ نیو اسمارٹ کارڈ لائسنس موجودہ فیس کے ڈھانچے کے تحت ہی جاری کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ شہریوں پر مالی بوجھ نہ آئے ۔وزیر داخلہ ضیا الحسن نے اس بات پر زور دیا کہ مفید اور ثمر آور نتائج کے حصول اور اسلحہ لائسنس کے بروقت اجرا کو یقینی بنانے کے لیے ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کرنا اور سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانا اشد ضروری ہے ۔