لاڑکانہ:اسپیشل ایجوکیشن اداروں کے تحت یومِ آزادی کی تقریب

 لاڑکانہ:اسپیشل ایجوکیشن اداروں کے تحت یومِ آزادی کی تقریب

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)اسپیشل ایجوکیشن اور اس سے منسلک پانچ اداروں و پارٹنر تنظیموں کے زیرِ اہتمام بیگم نصرت بھٹو ہال میں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

مہمانِ خصوصی میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر، ڈی ایچ او ڈاکٹر شوکت ابڑو، ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہدہ غوث کاکیپوٹو سمیت معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں اسپیشل بچے شریک ہوئے ۔اسپیشل بچوں نے آزادی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے جبکہ پاک فوج کے شہداء و غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران ‘‘پاکستان زندہ باد’’ اور ‘‘پاک فوج زندہ باد’’ کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے ۔خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بانیانِ پاکستان نے قربانیوں، اتحاد اور ثابت قدمی سے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی دلائی۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال اور سرسبز و شاداب سرزمین ہے جو کسی نعمت سے کم نہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی تحریکِ آزادی میں قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال سمیت دیگر شخصیات نے اپنے کردار اور عمل کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کیا اور منظم طریقے سے آزادی کی تحریک چلائی، اس جدوجہد میں کئی لوگوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ، مشکلات برداشت کیں مگر پیچھے نہیں ہٹے ، جس کے نتیجے میں ہمارا ملک 14 اگست 1947 کو آزاد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سرسبز و شاداب ہے جو کسی نعمت سے کم نہیں۔ تقریب کے اختتام پر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور وطن سے محبت کا عزم دہرایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں