میٹرک بورڈ میں ناظم امتحانات کے تقرر کے لیے سمری وزیر اعلیٰ کو ارسال
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سیکریٹری بورڈز و جامعات سندھ عباس بلوچ نے کہا ہے کہ میٹرک بورڈ کراچی میں ناظم امتحانات کے تقرر کے لیے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے ۔
چیئرمین غلام حسین سوہو نے کنٹرولنگ اتھارٹی کے تقرر کردہ ناظم امتحانات ظہیر بھٹو کو غلط طور پر ہٹایا اور ان کی جگہ گریڈ 17 کے اسٹنٹ کنٹرولر کو چارج دیا جس کا انھیں اختیار ہی نہیں تھا،غلام عباس بلوچ نے کہا کہ ظہیر بھٹو کو کنٹرولر کے عہدے کا چارج چھوڑنے کے بجائے اپنا کام جاری رکھنا چاہیے تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میٹرک سائنس کے نتائج کے جلد اعلان کے لیے بورڈ کو ہدایت کر دی گئی ہے ۔ دریں اثناء چیف سکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ وہ ناظم امتحانات کے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ میٹرک سائنس کے نتائج کا اعلان بدھ (آج)کو کردیا جائے گا۔ یاد رہے میٹرک بورڈ کراچی میں چیئرمین بورڈ نے ناظم امتحانات ظہیر بھٹو کو ہٹا کر ایسوسی ایٹ پروفیسر حمزہ تگڑ کو لگانے کی سفارش کی تھی تاہم عدالتی فیصلے کے باعث گریڈ 17 کے کنٹرولر سے چارج واپس لیا گیا، جس کے بعد میٹرک بورڈ کراچی میں ناظم امتحانات کی اسامی خالی پڑی ہے جس کی وجہ سے میٹرک سائنس کے نتائج میں تاخیر ہو گئی ہے ۔